ضلعی انتظامیہ اور قبائلی مشران کا ضلع کرم میں امن وامان برقرار رکھنے پر اتفاق

کرم:ڈپٹی کمشنر کرم شاہ فہد کی سربراہی میں صدہ جرگہ ہال میں مشرانِ لوئر و سنٹرل کرم کا ملک میں پیش آنے والے حالات و واقعات کے پیشِ نظر اور ضلع کرم میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے حوالے سے جرگے کا انعقاد ہوا۔ جس میں لوئر و سنٹرل کرم کے چیدہ چیدہ مشران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لوئر کرم حامد خان اور تحصیلدار علیزئی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر کرم نے گزشتہ روز کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں شہید جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل اور ضلع کرم میں موجودہ امن و امان کے صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور مشران سے اس بارے ضروری رائے بھی لیں۔لوئر وسنٹرل کرم کے مشران حاجی عبدالولی، ملک حیات، اخونزادہ اکرم، ملک وقار احمد، ملک عبدالمنان اور حاجی سیف اللہ نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ کرم میں امن وامان کی فضا کافی مشکلات اور تکالیف سے بحال ہوئی ہے۔ اب ڈسٹرکٹ کرم کے عوام باشعور ہیں۔ ہم کسی کو بھی ڈسٹرکٹ کرم میں امن کی فضا خراب ہونے نہیں دینگے بلکہ قبائلی معاہدوں اور روایات کو برقرار رکھا جائیگا۔ اگرجس کسی نے بھی امن کی فضا خراب کرنے کی کوشش کی تو انہیں ہم حکومت کے حوالے کرینگے۔ یہ راء کا ایک ایجنڈا ہے جسکو ہم کسی بھی حالت میں اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ملک میں ایسے حالات رونما ہوتے ہیں لیکن آپ مشران اُن پر کان نہ دھریں بلکہ اتفاق و اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کے مطابق آئندہ بدھ یا جمعرات کو ضلع کرم میں امن و امان کے حوالے سے اپر لوئر اور سنٹرل کرم کے مشران اور علماء کو پاراچنار یا صدہ میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرونگا۔ جس میں ضلع کرم میں امن و امان کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کے بارے میں تفصیلی گفت و شنید کی جائیگی۔ جرگہ کے اختتام پر ملک کی سالمیت و بقاء اور ضلع کرم میں امن کی فضا برقرار رکھنے کیلیے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔